ادارے کے مطابق طاقتور مون سون سسٹم اور مغربی ہواؤں کے باعث شدید بارشیں، اچانک سیلاب، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران مشرقی اور مغربی دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، جب کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی بالائی پنجاب میں فلیش فلڈ اور ہل ٹورنٹس میں شدید طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے نے بتایا کہ دریائے چناب (مارالہ) اور دریائے جہلم (منگلا کے بالائی حصے) میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے، جب کہ سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور مریدکے میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی کے باعث فلیش فلڈ آ سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ڈی جی خان، راجن پور کے ہل ٹورنٹس، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں شدید بارشوں کے باعث فلیش فلڈ کا ہائی رسک ہے، جب کہ دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث نوشہرہ سمیت ملحقہ علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے اضلاع لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، مالاکنڈ، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان، کولائی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شدید بارشوں اور فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔

گلگت بلتستان میں ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، دیامر، شگر اور گانچھے کے مختلف علاقوں میں بھی فلیش فلڈ کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، لاہور اور شیخوپورہ سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے نیلم، جہلم اور پونچھ کے دریاؤں اور معاون ندی نالوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔

ادارے نے مزید کہا کہ ڈی جی خان، راجن پور، بارکھان، لورالائی اور ژوب میں شمالی بلوچستان کے ندی نالوں اور ہل ٹورنٹس میں بھی فلیش فلڈ کا خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری، ریسکیو ٹیموں اور امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، دریا کناروں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں۔

ادارے نے شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسم اور حفاظتی ہدایات سے باخبر رہنے کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے مستند معلومات حاصل کریں۔