وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خلائی مشن کے حوالے سے گفتگو کے دوران پاکستانی خلاباز اور مشن میں شامل چینی خلابازوں کو مبارکباد دی، جبکہ چیئرمین سپارکو نے اس تاریخی موقع پر دونوں شخصیات کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر چیئرمین سپارکو نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی موقع پر ان کی موجودگی باعثِ مسرت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔ انہوں نے خلاباز ذیشان علی کو زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اس موقع پر ذیشان علی کے خاندان، ساتھیوں اور ان تمام ماہرین کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے انہیں اس تاریخی سفر کے لیے تربیت دی اور تعاون فراہم کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک چین تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، جو اب کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔ یہ دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا قابلِ فخر ثبوت ہے۔

چینی سرکاری نشریاتی ادارے ’سی جی ٹی این‘ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہفتے کو چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں موجود پاکستانی خلاباز ذیشان علی سے براہِ راست رابطہ کیا۔

چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے مطابق یہ رابطہ پاکستان کے خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے صدر دفتر میں کیا گیا، جہاں ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کو زمین کے مدار میں موجود پاکستانی خلاباز سے گفتگو کا موقع ملا۔

ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینزو 24 خلائی مشن کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے۔ وہ اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کے طور پر شامل ہیں، جن کی ذمہ داری سائنسی آلات اور تجرباتی سامان سے متعلق امور انجام دینا ہے۔

پاکستانی خلاباز چین کے دو خلابازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ہمراہ خلائی اسٹیشن پر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ذیشان علی کا یہ خلائی سفر پاکستان کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس مشن کے ذریعے پاکستان پہلی مرتبہ کسی انسان کو زمین کے مدار میں بھیجنے میں کامیاب ہوا ہے۔ وہ چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بھی بن گئے ہیں۔

مشن کے دوران پاکستانی خلاباز چین کے ساتھ مشترکہ سائنسی تجربات میں مصروف ہیں۔ ان سرگرمیوں میں تجرباتی نمونوں اور آلات کی تنصیب، ان کی کارکردگی کا جائزہ اور خرد ثقلی یعنی انتہائی کم کششِ ثقل والے ماحول میں مختلف سائنسی تجربات شامل ہیں۔

پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کا یہ مشن دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک نے خلائی تحقیق، سائنسی ترقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

خلا سے پاکستانی قیادت کے ساتھ براہِ راست رابطے کے بعد مشن کی سائنسی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی اور سائنسی تعاون کے آئندہ مراحل پر بھی توجہ مرکوز ہے۔