ریسکیو حکام کے مطابق کراچی میں عمارت منہدم ہونے کا ایک اور واقعہ پیش آیا، جہاں محمود آباد میں عمارت کے اندر کھانا پکانے کی تیاری کے دوران اچانک گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ 2 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی اور اس کے ملبے تلے کئی افراد دب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ ریسکیو 1122 نے بھی فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبی ایک خاتون کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کردیا۔
ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر عمران نے بھی گیس سلنڈر دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملبے تلے دبے 5 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہوگئی۔
واضح رہے کہ کراچی میں 4 روز کے دوران عمارت منہدم ہونے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل بلوچ کالونی کے قریب ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت منہدم ہونے سے 12 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے تھے، جبکہ 5 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
محمود آباد میں پیش آنے والے واقعے میں مزید ممکنہ متاثرین، دھماکے کی نوعیت اور جانی و مالی نقصان سے متعلق تفصیلات کا انتظار ہے۔







