فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صومالی قزاقوں نے یمن کے ساحل کے قریب بحری جہاز ایم وی مارسا ورگو کو اغوا کیا ہے۔ پنٹ لینڈ کے تین سکیورٹی حکام نے بتایا کہ حملہ آور ماہی گیری کی کشتی میں سوار ہوکر خلیج عدن کے راستے یمن پہنچے تھے۔

حکام کے مطابق چھ مسلح افراد نے مچھیروں کا بھیس اختیار کر رکھا تھا۔ یمن پہنچنے کے بعد وہ جنوبی یمن میں مقیم صومالی پناہ گزینوں کے درمیان روپوش ہوگئے تاکہ ان کی شناخت ظاہر نہ ہوسکے۔

ایک سکیورٹی اہلکار کے مطابق مقامی صومالی باشندوں نے حملہ آوروں کو کارروائی کے لیے اسلحہ بھی فراہم کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب صومالی قزاق یمنی سرزمین سے کارروائی کرتے ہوئے کسی بحری جہاز کو اغوا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

اغوا ہونے والا جہاز متحدہ عرب امارات کی کمپنی مارسا اوشن شپنگ کی ملکیت ہے اور پاناما کے پرچم تلے سفر کر رہا تھا۔ برطانوی میری ٹائم ایجنسی یو کے ایم ٹی او کے مطابق جہاز کو یمن کے علاقے بلحاف سے تقریباً 120 کلومیٹر جنوب مغرب میں مسلح افراد نے قبضے میں لیا۔

جہاز پر عملے کے 19 ارکان موجود ہیں جنہوں نے اپنی جان بچانے کے لیے خود کو ایک محفوظ کمرے میں بند کرلیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق قزاق جہاز کو صومالیہ کی سمندری حدود کی جانب لے جا رہے ہیں۔ یو کے ایم ٹی او نے بھی تصدیق کی ہے کہ مسلح افراد جہاز کا کنٹرول سنبھال چکے ہیں۔

اس واقعے کے بعد حوثی گروپ کے ملوث ہونے کا امکان بھی زیر بحث آیا تاہم سکیورٹی حکام نے اس تاثر کو مسترد کیا ہے۔ ایک اہلکار کے مطابق اس کارروائی میں پنٹ لینڈ کے قزاقوں کو جنوبی یمن میں مقیم صومالی پناہ گزینوں سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ افراد نے مدد فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں اور مقامی مددگاروں کے درمیان خاندانی اور قبائلی تعلقات بھی موجود ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بحیرہ احمر اور خلیج عدن کے اطراف بحری جہازوں کی سکیورٹی ایک بار پھر تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ اپریل سے اب تک اس خطے میں بحری قزاقی کے کم از کم 16 حملے رپورٹ ہوچکے ہیں جو 2013 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ نے بھی اس اہم تجارتی راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے خطرات بڑھا دیے ہیں۔