سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کر کہ انہوں نے بتایا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی کارروائیوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی دیا جاتا رہے گا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم اور انڈین سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوش فہمیوں پر مبنی یہ تمام افواہیں خفت مٹانے کے لیے پھیلائی جا رہی ہیں، جب کہ عملی میدان میں شکست کے بعد افغان طالبان رجیم جھوٹ اور پروپیگنڈے کا سہارا لے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان رجیم کو ہرگز جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان کی پیشہ ور افواج حملہ آوروں کے عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔ اب تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق پاک فوج کی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے 36 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات کے مطابق وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے، جب کہ تین جوان زخمی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسی بھی پاکستانی چوکی پر نہ تو قبضہ ہوا ہے اور نہ ہی کوئی نقصان پہنچا ہے، مشرف زیدی
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دنوں خطے، بالخصوص ملک کے اندر، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی۔ افغان طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دفاع میں سرحدی علاقوں میں فائرنگ نے دہشت گردوں کی پشت پناہی کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاتا رہے گا۔






