الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مالی سال 2025-26 کے لیے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام ارکان پارلیمنٹ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے، اپنے شریک حیات اور زیرِ کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے مقررہ فارم بی میں الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائیں۔

قانون کے مطابق ہر رکن اسمبلی اور سینیٹ اپنے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات، جو گزشتہ سال 30 جون تک کی ہوں، ہر سال 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کا پابند ہے۔

الیکشن ایکٹ کی دفعہ 137 کے تحت کمیشن ہر سال یکم جنوری کو پریس ریلیز کے ذریعے ان ارکان کے نام شائع کرے گا جو مقررہ تاریخ تک اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائیں گے۔

قانون کے مطابق 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔ ایسے ارکان گوشوارے جمع کرانے تک پارلیمنٹ یا متعلقہ اسمبلی کی کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اگر کوئی رکن اپنے جمع کرائے گئے گوشواروں میں غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس معاملے میں قانونی کارروائی کرے گا۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے رہنمائی اور مقررہ فارم بی الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ اسلام آباد، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر، سینیٹ سیکریٹریٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکریٹریٹس سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ فارم بی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔