سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے سینیئر جرنلسٹ مہر بخاری نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم کی طبی دیکھ بھال کے لیے شفا ہسپتال میں ہزاروں مربع فٹ پر محیط ایک وسیع و عریض تہہ خانہ خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان کو طبی معائنے کے لیے پہلے ہی رات کے وقت ہسپتال لایا جا چکا ہے، تاہم یہ ایک مختصر دورہ تھا۔

اطلاعات کے مطابق ہسپتال میں تیار کیے گئے اس خصوصی اور محفوظ حصے میں طبی سہولیات سے آراستہ دو الگ کمرے، میڈیا کے لیے ایک بڑا کمرہ اور انتظار گاہ شامل ہیں۔ تمام حصے جدید ٹیکنالوجی، فرنیچر اور نگرانی کے نظام سے آراستہ کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی ممکنہ آمد کے پیش نظر ہسپتال کے ایس او پیز، آمد و رفت، پارکنگ اور سیکیورٹی پروٹوکولز میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان تبدیلیوں کے باعث ہسپتال انتظامیہ کو دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ ہسپتال کے عملے اور تیمارداروں کے لیے بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ان پابندیوں میں باہر سے کھانا لانے پر پابندی بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال اب سابق وزیراعظم عمران خان کی آمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور اس سلسلے میں خصوصی انتظامات اور سیکیورٹی پروٹوکولز نافذ کردیے گئے ہیں۔