سپریم کورٹ نے 14 ستمبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کا روسٹر جاری کردیا ہے، جس کے مطابق عظمیٰ خان کی درخواست کی سماعت بینچ نمبر 5 کرے گا۔
جسٹس شاہد وحید، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ 16 ستمبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
درخواست عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
بعدازاں سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن کی جانب سے دائر توہینِ عدالت کی درخواست کو نمبر الاٹ کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کے بعد درخواست دوبارہ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی تھی۔
اب عدالت عظمیٰ کی جانب سے درخواست کو 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔







