راجستھان میں فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے انڈیا کے آرمی چیف جنرل اوپندر دویدی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان دنیا کے نقشے پر موجود رہنا چاہتا ہے تو دہشتگردی کے حمایت روک دے،  آپریشن سندور میں فوج نے جس ضبط کا مظاہرہ کیا وہ آئندہ نہیں کیا جائے گا۔


دوسری جانب انڈین فضائیہ کے سربراہ امر پریت سنگھ نے پریس کانفرنس میں بغیر کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ مئی میں ہونے والے پاکستان-انڈیا تنازع میں انڈیا نے پاکستان کے 5 لڑاکا طیارے تباہ کیے۔


امر پریت سنگھ نے کہا کہ انڈیا نے جن طیاروں کو تباہ کیا ان میں ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے شامل ہیں۔


صحافیوں نے امرپریت سنگھ سے پاکستان کی جانب سے انڈین طیارے گرائے جانے کا سوال کیا، جس کا انڈین ائیر چیف نے کوئی جواب نہیں دیا۔



پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف ماضی میں طیارے گرانے کے انڈین دعوے پر ردِعمل میں دونوں ممالک کے طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی آزادانہ تصدیق کا چیلنج دیا تھا۔


یاد رہے کہ چھ اور سات مئی کی درمیان شب انڈین طیاروں نے پاکستان میں متعدد مقامات پر حملے کیے، جن میں کئی شہری شہید ہوئے۔ پاک فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے سات انڈین طیاروں کو تباہ کیا، جن میں انڈیا کے جدید رافیل طیارے بھی شامل تھے۔


پاکستان کے شہروں پر ڈرون اور میزائل حملوں کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا، جس میں انڈین فضائی اڈوں اور دیگر فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔