ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد خطے کی صورتحال، امن کے لیے جاری سفارتی کوششوں اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ہی پائیدار امن کی بنیاد ہے۔

بحرینی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حالیہ سفارتی پیش رفت خطے میں استحکام اور تعاون کے نئے راستے کھولے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی قیادت کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقاتیں کریں گے۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے کہا کہ دورۂ پاکستان کے دوران وہ جنگ بندی اور امن کے قیام کے لیے پاکستانی قیادت کی کاوشوں پر ذاتی طور پر اظہار تشکر بھی کریں گے۔

مزید پڑھیں: امریکی حملے مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی ہیں: ایران

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بحرینی ہم منصب کے خیرسگالی جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے سفارتی راستے کو ترجیح دیتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات کے فروغ اور علاقائی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، جبکہ حالیہ سفارتی رابطے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔