جے یو آئی (ف) کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے 13 اکتوبر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے نام خط لکھا، جس میں کہا گیا ہے کہ 14 اکتوبر کو ہونے والے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے معاملے پر بحث ہونی ہے، تاہم اس حوالے سے آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت مطلوبہ دستاویزات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔
خط کے متن کے مطابق مطلوبہ دستاویزات کے بغیر اس اہم معاملے پر جماعت کے لیے اپنی رائے کا اظہار کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
کامران مرتضیٰ نے اسپیکر سے درخواست کی ہے کہ متعلقہ دستاویزات فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ مشترکہ اجلاس میں معاملے پر باخبر اور مؤثر بحث کی جا سکے۔
واضح رہے کہ خط کی نقل وفاقی وزیر داخلہ کو بھی ارسال کی گئی ہے۔








