تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک حلقے میں پولنگ ہوئی، جو صبح شروع ہونے کے بعد شام 5 بجے تک جاری رہی۔

ان چار حلقوں میں مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے مجموعی طور پر 72 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور دو سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان اور سردار تنویر الیاس بھی شامل ہیں۔

حلقہ ایل اے 14 باغ میں سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان سمیت 21 امیدوار، ایل اے 15 باغ میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس سمیت 20 امیدوار، ایل اے 16 باغ میں 22 جب کہ ایل اے 17 حویلی میں وزیراعظم فیصل راٹھور سمیت 9 امیدوار مدمقابل ہیں۔

انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے باعث پونچھ ڈویژن کے ضلع پونچھ کے پانچ اور سدھنوتی کے دو حلقوں میں انتخابات مؤخر کردیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق چاروں حلقوں میں تقریباً 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر مسلم لیگ ن نے 9 اور پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں۔ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ ن نے 15 جبکہ پیپلز پارٹی نے 6 نشستیں جیتیں۔

اب تک کے نتائج کے مطابق 45 رکنی آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ پہلے، پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

تیسرے مرحلے کے نتائج آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت کی تشکیل کے لیے انتہائی اہم قرار دیے جارہے ہیں۔