پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران درمیانی سے شدید دھند چھائی رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم صبح کے وقت چند مقامات پر کہرا پڑنے کا امکان موجود ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید سردی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ صوبے کے مختلف میدانی اضلاع میں دھند کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔

سندھ کے بالائی اضلاع جن میں سکھر، لاڑکانہ، دادو اور قریبی علاقے شامل ہیں وہاں بھی درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ پشاور، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت مختلف علاقوں میں دھند متوقع ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم کشمیر میں صبح کے اوقات کے دوران چند مقامات پر کہرا پڑنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔