پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ نوکچا، ضلع چاغی اور زیارت کراس، ضلع پشین میں کیے گئے آپریشنز کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے این-40 کوئٹہ، تفتان شاہراہ پر ناکہ قائم کیا تھا، جہاں وہ مسافروں سے بھتہ وصول کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر حملہ کیا، جس پر فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کی واضح مثال ہے۔ دہشت گردوں کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کا تسلسل یقینی بنانا تھا۔

فائرنگ کے تبادلے میں قوم کے 6 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں 2 افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک اہلکار بھی شامل ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں نے مادرِ وطن کے دفاع اور فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے علاقوں چاغی اور پشین میں کارروائیوں کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے کسٹمز ہاؤس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے اور کوئٹہ، تفتان ہائی وے پر دہشت گردوں کی جانب سے غیر قانونی چیک پوسٹ قائم کرکے مسافروں کی نقل و حرکت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنانے پر بھی سکیورٹی فورسز کو سراہا۔

آصف علی زرداری نے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

صدرِ مملکت نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے دوران 2 افسران اور محکمہ کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس بھی کیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ شہداء نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطنِ عزیز کے دفاع کی عظیم مثال قائم کی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں سکیورٹی فورسز کی کامیابی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ قدر ہیں۔