پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیبیا کی صدارت میں قائم لیبین عرب مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اپنے نائب، ڈپٹی کمانڈر اِن چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر کے ہمراہ جی ایچ کیو پہنچے، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص متعلقہ خطوں کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر پیشہ ورانہ عسکری تعاون، دوطرفہ روابط اور پاکستان و لیبیا کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، نیز لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جو دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے لیبیا کا سرکاری دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے لیبین عرب مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اور ان کے نائب لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر لیبیا پہنچنے پر عرب مسلح افواج کے دستے نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا تھا۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر لیبیا کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تھا، جب کہ فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔