وزیراعظم میاں شہباز شریف نے خانیوال میں ایک نجی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سفارتی معاذ پر پاکستان کو جو کامیابیاں ملی ہیں، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ تاریخی معاہدہ ہوا، جس طرح سعودیہ میں میرا استقبال ہوا، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسی طرح ہم نے دورہ امریکا کیا، جہاں اُن کی اقوام متحدہ میں تقریر شیڈول تھی، بعد ازاں امریکی صدر کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے غزہ کا معاملہ اُٹھایا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ غزہ میں بے گناہوں کو شہید اور انفراسٹرکچر کو تباہ کیا گیا، ڈونلڈ ٹرمپ کو سب نے مل کر کہا کہ اس جنگ کو روکیں، انہوں نے وعدہ کیا اور پھر اس پر عمل بھی کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اس جنگ بندی میں اپنا حصہ ڈالا اور ڈونلڈ ٹرمپ نے فرنٹ سے اس معاملے کو لیڈ کیا، انہیں اس کا کریڈٹ دینا چاہیے، اب جنگ بندی ہے اس سے پہلے غزہ میں شہریوں کو شہید کیا جا رہا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا معاشی میدان میں بھی ہم پاکستان کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں،فیلڈ مارشل معاشی میدان میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی توانہیں کئی چینلنجز درپیش تھے، آئی ایم ایف پروگرام بھی لینا پڑا،لیکن اس کے باجود آج پاکستان کی قومی معیشت آگے بڑھ رہی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں مل کر کام کرنا ہوگا،

پاکستان کے خوابوں کو حقیقت بنانا ہے، ہمیں دیانت، امانت اور محنت کے ساتھ دن رات کام کرنا ہوگا،پاکستان کی ترقی ہی سب کی کامیابی ہے،پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔

پاکستان انڈیا جنگ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان کو انڈیا کے خلاف تاریخی فتح نصیب ہوئی، افواج پاکستان کی دلیرانہ جوابی کارروائیوں اور عوام کی دعاؤں کے نتیجے میں یہ سب ممکن ہوا، اس جنگ کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی تعریف کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب میں بہت محنت کے ساتھ کام کر رہی ہیں، وہ ٹرانسپورٹ، ہیلتھ اور تعلیم کے شعبہ جات میں شاندار انداز میں کام کر رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے سے انہوں نے کہا عہدہ سنبھالنے پر سہیل آفریدی کو کال کر کے مبارک باد دی اور انہیں پاکستان کے بہترین مفاد میں کہا کہ ہم آپ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، آپ ہمارے لیے محترم ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے خانیوال میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاھا سے ملاقات کی اور مسلم لیگ ن کے سینئر رکن مرحوم عرفان احمد خان ڈاھا کے بیٹے سے تعزیت کا اظہار اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ مرحوم حاجی عرفان احمد خان ڈاھا مسلم لیگ ن کے سرگرم کارکن اور اُن کے دیرینہ ساتھی تھے، اُن کی پارٹی کے لیے خدمات کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں، مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو اور عوامی خدمت کے مشن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔