پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آبدوز غازی کی لانچنگ کے ساتھ ہی چین میں زیرِ تکمیل ہنگور کلاس کی چاروں آبدوزیں سی ٹرائلز کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ غازی ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ہے جو چین میں تیار کی گئی ہے، جب کہ، باقی آبدوزوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان مجموعی طور پر آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کا معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت چار آبدوزیں چین میں، جب کہ چار آبدوزیں پاکستان میں تیار کی جائیں گی۔

پاکستان میں تیار کی جانے والی ہنگور آبدوزوں کی تیاری کراچی شپ یارڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت کی جائے گی، جس سے ملکی دفاعی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی اور یہ آبدوزیں دور مار اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان آبدوزوں کی شمولیت سے پاکستان نیوی کی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کلاس آبدوزیں خطے میں طاقت کے توازن، امن اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی اور پاکستان نیوی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بحری دفاع فراہم کریں گی۔