پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خاران اور واشک میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات موصول ہونے پر 6 اور 7 ستمبر کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں دہشتگردوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مقامی ٹریفک کو متاثر کرنے کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی پیش قدمی روکی۔

سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 ستمبر کو واشک میں بھی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے منصوبہ بندی کے تحت انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

فائرنگ کے شدید تبادلے میں مزید 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کے زیر استعمال ٹھکانے کو بھی تباہ کردیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مواد مبینہ طور پر دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) کی تیاری میں استعمال کیا جا رہا تھا، جس سے علاقے میں مزید دہشتگرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا اندازہ ہوتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر عناصر کی موجودگی کے پیش نظر علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید مشتبہ ٹھکانوں کی تلاش بھی کی جارہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملک میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ یہ اقدامات وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت کیے جارہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کا مقصد ملک میں بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خاران اور واشک میں کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے واشک آپریشن کے دوران 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد برآمد کیے جانے پر بھی سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و استحکام کے لیے دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔