پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں واقعے کی وجہ شیر خوار بچی کی حوالگی کا تنازع بتایا گیا ہے۔ اسی معاملے پر فریقین کے درمیان جھگڑا ہوا، جو شدت اختیار کرگیا اور اس دوران ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے کے نتیجے میں تین خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والی خواتین میں ملزم کی ساس، اس کی سالی اور سالے کی بیوی شامل ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ قتل کی وجوہات اور تنازع کی تفصیلات سے متعلق مزید معلومات تفتیش کے بعد سامنے آئیں گی۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے شیخوپورہ میں تین خواتین کے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

شیر خوار بچی کی حوالگی کے تنازع پر پیش آنے والے اس واقعے نے علاقے میں تشویش پیدا کردی ہے۔ پولیس ملزم کی گرفتاری اور واقعے کے محرکات کا تعین کرنے کے لیے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔