پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 اگست کو خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی، جہاں فتنہ الخوارج کے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں مزید 2 خوارج مارے گئے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ وژن "عزمِ استحکام" کے تحت دہشت گردی کے خلاف آپریشنز مسلسل جاری ہیں۔

وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان اور دیر میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔