تفصیلات کے مطابق واقعہ 26 اگست کو پیش آیا تھا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق نوجوان نے ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا، جس پر ٹریفک وارڈن نے اسے سڑک پر رکنے کا اشارہ کیا۔
ترجمان کے مطابق نوجوان نے رکنے کے بجائے آگے نکلنے کی کوشش کی، جس کے دوران موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے میں ٹریفک وارڈن سلطان اور نوجوان زین زخمی ہوئے۔
زخمی نوجوان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ پانچ روز تک زیرِ علاج رہا، تاہم آج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد ٹریفک اہلکار کی مدعیت میں موٹر سائیکل سوار شہری کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نے ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا اور وارڈن کی جانب سے رکنے کے اشارے کے باوجود اس نے آگے نکلنے کی کوشش کی، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
دوسری جانب چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبد الرحیم شیرازی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
انکوائری کے ذریعے حادثے کے حالات و واقعات، ٹریفک وارڈن کی جانب سے موٹر سائیکل سوار کو روکنے کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔







