محکمہ موسمیات کے مطابق 17 مارچ کی شام یا رات سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے والا نیا مغربی سلسلہ 20 مارچ تک ملک کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں رکھے گا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے، جب کہ بالائی علاقوں میں برف باری بھی متوقع ہے۔

اعلامیے کے مطابق عید کے دنوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی سے مکمل طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، مستونگ، بارکھان، سبی، لورالائی، خضدار، کیچ، گوادر، پنجگور اور آواران میں 17 مارچ کی شام یا رات سے 20 مارچ کی صبح تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں 17 سے 20 مارچ کے دوران بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

پنجاب اور اسلام آباد میں مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، نورپور تھل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، ساہیوال، پاکپتن، اوکاڑہ اور قصور میں 17 مارچ کی رات سے 20 مارچ کی صبح تک بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

اسی طرح ڈی جی خان، بھکر، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں 18 اور 19 مارچ کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شگر اور آزاد کشمیر کے اضلاع نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 17 سے 20 مارچ تک بارش اور برف باری متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، نوشہرو فیروز، کشمور، لاڑکانہ، سانگھڑ، سکھر، گھوٹکی، خیرپور، شہید بینظیر آباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر میں 18 اور 19 مارچ کو بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ممکنہ اثرات کے پیش نظر خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بعض مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی امکان ہے۔ ژالہ باری اور تیز ہوائیں فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ کسانوں کو موسمی حالات کے مطابق فصلوں کی دیکھ بھال کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت میں کمی بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔