ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا اور انہیں پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں سامنے آنے والی لانگ مارچ مؤخر کرنے کی تجویز سے آگاہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے 27 ستمبر کو شیڈول لانگ مارچ کو اکتوبر تک ملتوی کرنے کی تجویز دی گئی، تاہم محمود خان اچکزئی نے اسے مؤخر کرنے سے انکار کردیا۔

محمود خان اچکزئی 27 ستمبر کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ ان کے مطابق 27 ستمبر کا مارچ مؤخر نہیں ہوگا، بلکہ اسی روز خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں میں تحریک شروع ہوگی جو بتدریج اسلام آباد کی جانب بڑھے گی۔

ذرائع کے مطابق لانگ مارچ مؤخر کرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت اور محمود خان اچکزئی کے درمیان اختلاف برقرار ہے، جبکہ انہیں مارچ مؤخر کرنے پر آمادہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کی نئی تاریخ کے معاملے پر اپوزیشن کے دیگر رہنماؤں سے بھی مشاورت جاری ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے بعد ازاں 5 اکتوبر کی تاریخ پر اتفاق کیا ہے، تاہم اس کا باضابطہ اعلان محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے اندر 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو اکتوبر تک مؤخر کرنے کی تجاویز پر گزشتہ روز بھی مشاورت ہوئی تھی، جب کہ بعض رہنماؤں نے اکتوبر کے آغاز میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز بھی دی تھی۔

محمود خان اچکزئی اور دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ مشاورت مکمل ہونے کے بعد لانگ مارچ کی حتمی تاریخ اور طریقہ کار کے حوالے سے باضابطہ اعلان متوقع ہے۔