سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے کی سلامتی کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط ہوگا جبکہ تینوں ممالک اپنی دفاعی صلاحیتوں اور سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے قابل ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ہونے والا دفاعی معاہدہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے محفوظ اور مستحکم مستقبل کی جانب اہم قدم ہے، تینوں برادر ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور باہمی اعتماد اس معاہدے کی بنیاد ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے معاہدے کو عملی شکل دینے میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کو بھی سراہا، قیادت کی سطح پر ہونے والی یہ پیش رفت دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ صرف تینوں ممالک کے دفاع تک محدود نہیں بلکہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے حوالے سے بھی ایک اہم دستاویز ثابت ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے دوران مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کرنے اور اجتماعی دفاع و سلامتی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ معاہدے کو تینوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود برادرانہ، سفارتی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔







