حکام کے مطابق خرابیاں سامنے آنے کے بعد ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے خود ایک تکنیکی ٹیم کے ہمراہ بسوں کا معائنہ کیا اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو خط لکھ کر بسوں کی فوری مرمت اور مکمل فٹنس کلیئرنس کا مطالبہ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ چینی انجینئرز مری پہنچ کر بسوں میں موجود تکنیکی خرابیوں کو دور کریں گے اور پورے بیڑے کا مکمل معائنہ اور مرمت کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ بسوں کو اس وقت تک سڑکوں پر نہ لایا جائے جب تک ان کی مکمل مرمت اور تکنیکی جانچ کے بعد انہیں فٹ قرار نہیں دے دیا جاتا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا غیر معیاری سروس سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بسوں کی فٹنس کی تصدیق کے بعد شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر 11 الیکٹرک بسیں جون میں مری کی ضلعی انتظامیہ کے حوالے کی گئی تھیں۔
حکام کے مطابق منصوبے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے ساتھ ساتھ مری کے مقامی افراد اور سیاحوں کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔







