ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان کا پرتپاک خیرمقدم بھی کیا اور رواں سال کے اوائل میں ان کے دورۂ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک اور اسماعیلی برادری کی خدمات کو سراہا، پاکستان میں انسانی ترقی، پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں عوامی فلاح اور مختلف سماجی شعبوں میں آغا خان نیٹ ورک کا کردار قابلِ ذکر ہے۔
ملاقات میں مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے ان شعبوں میں جاری اقدامات کو مزید وسعت دینے اور مقامی آبادی کو ترقی کے عمل میں زیادہ مؤثر طور پر شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک پاکستان میں صحت، تعلیم، دیہی ترقی، موسمیاتی لچک، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں اور نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع سمیت متعدد شعبوں میں کام کرتا ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور چترال کے دور دراز علاقوں میں بھی اس کے مختلف ترقیاتی منصوبے جاری رہے ہیں۔
وزیراعظم نے خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبوں میں آغا خان یونیورسٹی اور متعلقہ اداروں کے کردار کو بھی اہم قرار دیا اور اس نوعیت کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، انسانی ترقی اور عوامی فلاح سے متعلق منصوبوں کے لیے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان مزید اشتراک کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اس موقع پر پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات اور خیرمقدم پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان قائم شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔
ملاقات میں خطے میں امن و استحکام کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ پرنس رحیم آغا خان نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا، جبکہ دونوں جانب سے باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدہ دورے جاری رکھنے کی دعوت بھی دی۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے مسلسل دورے پاکستان اور آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان کئی دہائیوں سے قائم تعاون اور عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں پرنس رحیم آغا خان پنجم کے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر بھی وزیراعظم شہباز شریف نے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے ساتھ شراکت داری مزید گہری اور وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ اس موقع پر دونوں جانب سے انسانی ترقی اور عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
حالیہ ملاقات کو اسی دیرینہ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان میں صحت، تعلیم، معاشی مواقع، ثقافتی ورثے کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ اقدامات کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔







