ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوتیون بن اسماعیل نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی، جس کے بعد پاکستانی اور ملائیشین حکام نے وفود کی سطح پر بھی تفصیلی مذاکرات کیے۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے باہمی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ دور کے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور معلومات کے بروقت تبادلے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا
مذاکرات میں دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں ممالک نے دہشتگرد نیٹ ورکس، منشیات فروشوں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا
پاکستان اور ملائیشیا نے انسداد منشیات کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس حوالے سے منشیات کی اسمگلنگ کے نئے راستوں، منظم جرائم اور بین الاقوامی نیٹ ورکس کے خلاف معلومات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا
غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام بھی مذاکرات کا اہم موضوع رہی۔ دونوں ممالک کے حکام نے غیر قانونی طریقوں سے سرحدیں عبور کرنے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مربوط اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا
ملاقات میں سائبر کرائمز کے بڑھتے ہوئے خطرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں ممالک نے سائبر جرائم کی روک تھام، متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تعاون کو مزید وسعت دینے پر آمادگی ظاہر کی
مذاکرات کے دوران دونوں وزارتوں کے درمیان مستقل رابطہ اور تعاون بڑھانے کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس فورم کے ذریعے سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کو منظم انداز میں آگے بڑھانے میں مدد ملے گی
پاکستان اور ملائیشیا کے کوسٹ گارڈز کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے کوسٹ گارڈ کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے اور اس شعبے میں تربیت اور مہارت کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے
دونوں جانب سے تربیتی پروگرامز میں اشتراک بڑھانے اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کرنے پر بھی گفتگو ہوئی
اس موقع پر پاکستان کی نیشنل پولیس اکیڈمی اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں اداروں کے درمیان تربیت، پیشہ ورانہ مہارت اور پولیسنگ کے جدید طریقہ کار کے حوالے سے تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا گیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے وسیع امکانات موجود ہیں
محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا مسلم دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے اور پاکستان اس کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملائیشین وزیر داخلہ کا دورہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا
دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان سیاحت کے فروغ اور پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا سہولیات میں آسانی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان نے ملائیشیا کے ساتھ عوامی روابط بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا
محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا پاکستانی شہریوں کے لیے سیاحت کے حوالے سے ایک بہترین انتخاب ہے، پاکستانیوں کے لیے ورک کوٹہ بڑھنے سے مزید افراد قانونی اور باقاعدہ طریقہ کار کے تحت ملائیشیا جا سکیں گے
ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط مضبوط بنا کر سکیورٹی، قانون نافذ کرنے، تربیت، سیاحت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھایا جائے
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو دونوں ممالک کے سکیورٹی اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ جوائنٹ ورکنگ گروپ کے قیام سے باہمی تعاون کو مستقل اور مربوط بنیادوں پر آگے بڑھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔







