کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات جاری ہیں جہاں ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ اسی طرح واشنگٹن، لندن، پیرس، ماسکو، دبئی اور دیگر شہروں میں کرسمس کی مناسبت سے رنگا رنگ سجاوٹ کی گئی ہے۔
ویٹی کن سٹی میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا جہاں پوپ لیو نے حضرت عیسیٰ کی پیدائش کے حالات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور اجنبیوں کی مدد نہ کرنا خدا کو مسترد کرنے کے مترادف ہے۔
فلسطین کے شہر بیت لحم میں واقع تاریخی چرچ آف نیٹی ویٹی میں بھی عقیدت مندوں کا بڑا اجتماع دیکھنے میں آیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی بھائی پاکستان میں ایک فعال، مثبت اور پُرامن برادری کے طور پر قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ملک کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ دن پوری انسانیت کے لیے محبت، امن، رواداری اور خیرسگالی کا پیغام ہے۔ ملک کی سماجی اور معاشی ترقی میں مسیحی برادری کی مخلصانہ کاوشیں لائقِ تحسین ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، طب اور دیگر شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا ذریعہ ہیں اور حکومت تمام شہریوں کے لیے بلا تفریق حقوق، آزادی اور پیشہ ورانہ ترقی کے یکساں مواقع کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔







