منصوبے کے تحت پنجاب کی 91 تحصیلوں میں مجموعی طور پر 1500 الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ ہر تحصیل میں الیکٹروبسوں کی پارکنگ، چارجنگ اور آپریشن کے لیے مخصوص ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق تحصیل کی سطح پر الیکٹروبس سروس کا باقاعدہ آغاز جنوری 2027 سے ہوگا، جبکہ الیکٹروبسوں کا پہلا بیچ جنوری میں لاہور پہنچنے کا امکان ہے۔ اس کے بعد مرحلہ وار مختلف تحصیلوں میں بسیں فراہم کرکے شہریوں کے لیے سروس شروع کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں پہلے سے جاری الیکٹروبس منصوبے کو مزید وسعت دینے اور اضافی بسیں فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ صوبے بھر میں جون 2027 تک 3 ہزار الیکٹروبسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ستمبر تک الیکٹروبس سروس کے پہلے مرحلے کی تکمیل کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت ملتان کی 9 تحصیلوں کے لیے 169، ساہیوال کی 4 تحصیلوں کے لیے 87، بہاولپور کی 11 تحصیلوں کے لیے 215، ڈیرہ غازی خان کی 10 تحصیلوں کے لیے 63، فیصل آباد کی 12 تحصیلوں کے لیے 202 اور سرگودھا کی 14 تحصیلوں کے لیے 198 الیکٹروبسیں مختص کی گئی ہیں۔
اسی طرح گوجرانوالہ کی 7 تحصیلوں کے لیے 125، گجرات کی 8 تحصیلوں کے لیے 122 جبکہ راولپنڈی کی 16 تحصیلوں کے لیے 219 الیکٹروبسیں مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں اس وقت 612 الیکٹروبسیں مکمل طور پر آپریشنل ہیں، جن سے روزانہ بڑی تعداد میں شہری فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ملتان سمیت مختلف اضلاع میں مزید 192 الیکٹروبسیں بھی آئندہ چند روز میں فعال ہونے کی توقع ہے۔
منصوبے کے اگلے مرحلے میں سرگودھا، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور، مظفرگڑھ، راولپنڈی، جھنگ، بہاولپور، رحیم یار خان اور اٹک سمیت مختلف اضلاع کو اضافی الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔
اس کے علاوہ بھکر، حافظ آباد، خانیوال، چنیوٹ، لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، مری، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی بسوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منڈی بہاؤالدین، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ صاحب، نارووال، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی مزید الیکٹروبسیں فراہم کی جائیں گی۔
حکومت پنجاب کے مطابق الیکٹروبس سروس کے ذریعے شہریوں کو نسبتاً جدید، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی مرحلہ وار جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ لاہور میٹروبس سروس کے 25 اسٹیشنز کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ بھی تکمیل کے مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔







