کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کے امن اور سلامتی کے دشمن ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ملک و قوم کا دفاع کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان صرف ملازمت یا کسی مالی فائدے کے لیے سرحدوں پر تعینات نہیں، بلکہ وہ وطن کی حفاظت، قومی سلامتی اور شہادت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں، شہدا کی قربانیوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہو سکتا، کیونکہ شہادت ایک عظیم مقام اور اعزاز ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ جو لوگ قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کرتے ہیں، ان کی خدمات کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے، شہدا یا ان کے خاندانوں کی دل آزاری کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دینے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی اداروں اور ملک کے دفاع پر مامور افراد کی قربانیوں کو متنازع نہیں بنایا جانا چاہیے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ قومی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کا حوصلہ بلند کریں اور اختلافات کو ملکی مفاد کے خلاف استعمال نہ کیا جائے، سیاست کا میدان سیاسی سرگرمیوں کے لیے ہے، اداروں کو سیاسی تنازعات کا حصہ بنانا مناسب نہیں۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دنیا تک پہنچا رہا ہے، ایسے وقت میں قومی اتحاد اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، دشمن عناصر پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں، لیکن قوم متحد ہو کر ہر سازش کو ناکام بنا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں اور فتنہ پھیلانے والے عناصر ملک کے امن کے دشمن ہیں، قوم کو چاہیے کہ وہ ایسے عناصر کے عزائم کو پہچانے اور کسی بھی صورت ان کا سہولت کار نہ بنے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ صوفیا کرام کی سرزمین ہے، جہاں حضرت لعل شہباز قلندرؒ اور حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ نے محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیا، سندھ حکومت امن کے فروغ اور قومی یکجہتی کے لیے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے، قومی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے سیکیورٹی اداروں کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر تمام طبقات مل کر امن، اتحاد اور بھائی چارے کے لیے کردار ادا کریں تو پاکستان مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت ملک میں امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
مزید پڑھیں: آئین کے دائرے میں مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ملک توڑنےکی سوچ رکھنے والوں سے بات نہیں ہوسکتی: وزیر اعلیٰ بلوچستان
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معاشرے میں امن، برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے علما کرام اور مذہبی رہنماؤں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کو چاہیے کہ وہ قومی اتحاد، محبت اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پوری قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کا احترام ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے، کسی کو بھی شہدا کی توہین کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کیونکہ ملک کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مثال ہے، جبکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اتحاد اور اتفاق کے ذریعے ہی ممکن ہے۔







