سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ لاہور میں مبینہ پولیس تشدد کے باعث جاں بحق ہونے والے تحریک انصاف کے کارکن اشتیاق احمد کے گھر بھی جائیں گے۔

سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں مسلط کی گئی ناجائز حکومت اور اس کے ہینڈلرز کی جانب سے تحریک انصاف کے کارکنوں پر ظلم کیا جا رہا ہے، جسے سن کر ہر مسلمان شرمسار ہو رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاہور میں عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف غیرقانونی چھاپوں اور پکڑ دھکڑ کے دوران سینئر کارکن اشتیاق احمد کو گرم تیل کے کڑاہے میں گرا دیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ جھلس گئے اور آج جاں بحق ہوگئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ وہ کل لاہور میں شہید اشتیاق احمد کی رہائش گاہ پر جاکر اہلخانہ سے اظہار تعزیت کریں گے۔