وزیراعلیٰ کی قیادت میں قافلہ لاہور انٹرچینج پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ پنجاب غیرت مندوں کی سرزمین ہے، عوام نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا بھرپور استقبال کیا۔ ہمیں توقع تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب بھی منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو خوش آمدید کہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پنجاب حکومت نے اٹک سے لاہور تک قیام و طعام کے تمام مقامات سیل کر رکھے تھے، وزیراعلیٰ کے قافلے میں دانستہ رکاوٹیں ڈالی گئیں، پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ کر رکھا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر اور پارٹی جھنڈا اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہمیں سیاسی اسپیس دیا جائے، پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی اسپیس ختم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آج رات لبرٹی چوک جائیں گے، وزیراعلیٰ اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے اور خطاب کریں گے۔ وزیر اعلیٰ لاہور میں قیام کے دوران صحافیوں، وکلاء، پارٹی رہنماؤں اور اسیران سے ملاقاتیں کریں گے۔

دوسری جانب، محکمہ داخلہ پنجاب نے خیبرپختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی کے لاہور کے دورے کے دوران انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 26 سے 28 دسمبر کے دوران پنجاب کے دورے پر ہیں۔