مئی 2016 میں گوگل نے اپنی میسجنگ ایپ ایلو کے ذریعے پہلی بار گوگل اسسٹنٹ متعارف کرایا تھا۔ اگرچہ ایلو ایپ کئی سال پہلے بند ہو چکی، لیکن گوگل اسسٹنٹ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کا اہم حصہ بنا رہا۔
تاہم اب گوگل نے اپنے جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ بوٹ جیمنائی کو ترجیح دیتے ہوئے گوگل اسسٹنٹ کو مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ 9to5Google کے مطابق گوگل نے بعض صارفین کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ 4 ستمبر 2026 سے گوگل اسسٹنٹ اینڈرائیڈ فونز، ٹیبلٹس اور وئیر ایبل ڈیوائسز پر دستیاب نہیں ہوگا۔
گوگل اسسٹنٹ کو دراصل 2025 میں ہی ختم کرنے کا منصوبہ تھا، تاہم کمپنی نے اس کی مدت میں توسیع کر دی تھی۔ اب گوگل اپنے تمام اہم پلیٹ فارمز پر جیمنائی کو بطور ڈیفالٹ اے آئی اسسٹنٹ متعارف کرا رہا ہے۔
اگر آپ اب بھی گوگل اسسٹنٹ استعمال کر رہے ہیں تو گوگل نے جیمنائی پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ جیمنائی نہ صرف بنیادی فون کمانڈز انجام دے سکتا ہے بلکہ تحریر، آواز اور تصاویر کی مدد سے بھی ہدایات سمجھنے اور مختلف کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوگل کے مطابق صارفین جیمنائی کو بھی پہلے کی طرح "Hey Google" کمانڈ کے ذریعے فعال کر سکیں گے۔







