جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں قومی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور حریف ٹیم کے دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔
گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گول اسکور کیے، جبکہ تھائی لینڈ کی ٹیم پورے میچ کے دوران ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے گروپ بی میں اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ گروپ بی میں پاکستان کے علاوہ ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان اپنا اگلا میچ 22 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف کھیلے گا، جبکہ قومی ٹیم 24 ستمبر کو چین، 26 ستمبر کو ملائیشیا اور 28 ستمبر کو عمان کے خلاف میدان میں اترے گی۔
جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں ایشین گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو منعقد ہوئی۔ ان گیمز میں 45 ممالک کے 17 ہزار سے زائد ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں اور مقابلے 4 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔







