ملائیشیا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 11ویں منٹ میں ایڈم اشرف جوہری نے فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ صرف دو منٹ بعد شفیق عمار فہمی سوزینی نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے ملائیشیا کی برتری 2-0 کردی۔

دو گول کے خسارے کے بعد پاکستان نے دوسرے ہاف میں شاندار واپسی کی۔ رانا عبدالصمد نے 34ویں منٹ میں فیلڈ گول کرکے پاکستان کا خسارہ کم کیا، جب کہ 47ویں منٹ میں ایک اور فیلڈ گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔

پاکستان نے برابری کے بعد دباؤ برقرار رکھا اور پانچ منٹ بعد میچ میں پہلی بار برتری حاصل کرلی۔ محمد شہیر نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو 3-2 سے آگے کردیا۔

میچ کے 56ویں منٹ میں ولید رانا نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے پاکستان کی برتری 4-2 کردی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے دو گول کے خسارے سے چار گول کی شاندار واپسی مکمل کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے جونیئر ایشیا کپ میں پوڈیم پر جگہ بنالی، جب کہ 2012 کی چیمپئن ملائیشیا مسلسل تیسری بار چوتھی پوزیشن پر رہی۔ ملائیشیا 2023 اور 2024 کے ایونٹس میں بھی چوتھے نمبر پر رہی تھی۔

پاکستان، ملائیشیا، انڈیا اور جنوبی کوریا نے 2027 میں انڈیا میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔