پی سی بی کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا، جب کہ ایونٹ میں مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کی ونڈو گورننگ کونسل اور فرنچائزز کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی کی گئی ہے۔ پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔
پی ایس ایل 11 میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کے بجائے پلیئر آکشن متعارف کرایا گیا تھا، جب کہ ایونٹ کے فائنل میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 461 تماشائیوں نے شرکت کی، جو پی ایس ایل فائنل میں ریکارڈ حاضری تھی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے دنیا کو لیگ کی صلاحیت دکھائی، جس کے دوران سنسنی خیز لمحات، ریکارڈ شائقین اور براڈکاسٹ کے نئے ریکارڈ دیکھنے میں آئے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی ایک اور شاندار پی ایس ایل سیزن کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 12 کی ونڈو کا اعلان صرف پہلا قدم ہے، جب کہ آٹھوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پہلے سے زیادہ پُرعزم ہوں گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں شائقین پی ایس ایل 12 کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی نے پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد پی ایس ایل ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے حوالے سے ڈائریکٹ سائننگز، پلیئر آکشن، مکمل شیڈول، وینیوز اور ٹکٹنگ سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔







