پی سی بی کے مطابق صاحبزادہ فرحان کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جب کہ ون ڈے ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی ہی کریں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر، دوسرا 11 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 13 اکتوبر کو ہوگا۔

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان، عبدالصمد، ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، حسن نواز، محمد عمران رندھاوا، خواجہ نافع (وکٹ کیپر)، معاذ صداقت، نسیم شاہ، رضا اللہ، صائم ایوب، محمد سلمان مرزا، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان 7 میچز پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی، جس کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔

ون ڈے ٹرائی سیریز کے ابتدائی 3 میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جب کہ باقی لیگ میچز اور فائنل لاہور میں ہوں گے۔

ون ڈے سیریز کے لیے اعلان کردہ 16 رکنی اسکواڈ میں ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری، حارث رؤف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ، سعد بیگ، صائم ایوب، شاداب خان، سفیان مقیم اور کپتان شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں مائیک ہیسن ہیڈ کوچ، شان ٹیٹ بولنگ کوچ، مائیکل اسمتھ بیٹنگ کوچ جبکہ منصور امجد فیلڈنگ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔

نوید اکرم چیمہ پاکستان ٹیم کے منیجر ہوں گے، جبکہ راولپنڈی کے لیے شفقت شبیر اور لاہور کے لیے سید نذیر احمد میڈیا منیجر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

اعلامیے کے مطابق کرنل عثمان انواری کو سیکیورٹی منیجر جبکہ ڈاکٹر واجد علی رفاعی کو ٹیم ڈاکٹر مقرر کیا گیا ہے۔