برطانوی ٹرانسپورٹ پولیس کے مطابق یہ ٹرین شمال مشرقی شہر ڈانکاسٹر سے لندن کے کنگز کراس اسٹیشن جا رہی تھی۔ واقعہ شام 7 بج کر 30 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب ٹرین پیٹر بورو اسٹیشن سے روانہ ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک شخص بڑے چاقو کے ساتھ ٹرین میں داخل ہوا اور اچانک مسافروں پر حملہ کردیا۔ ایک مسافر نے بتایا کہ ٹرین کے اندر ہر طرف خون پھیل گیا تھا، لوگ بیت الخلا میں چھپنے یا بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔

پولیس کے مطابق انسدادِ دہشت گردی یونٹ بھی تحقیقات میں شامل ہے تاکہ واقعے کے محرکات اور پس منظر کا تعین کیا جا سکے۔

برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے حملے کو افسوسناک اور ہولناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمدردیاں تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے ہنگامی سروسز کے اہلکاروں کی فوری کارروائی پر شکریہ ادا کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔