وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اشارہ دیا ہے کہ آئل ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے فارمولے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15 روپے تک کمی ممکن ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستانی معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جب کہ خطے کی صورتحال کے پیش نظر نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا وزیراعظم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی، جس سے کروڑوں افراد مستفید ہورہے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ حکومت نے مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے۔ آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے، جب کہ نئے فارمولے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15 روپے تک کمی ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئل ریفائنریز کے ساتھ کل ہونے والے اجلاس میں تمام امور پر گفتگو ہوگی۔ وہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے ڈی ریگولیشن کے حامی ہیں، تاہم آئل ریفائنریز کے منافع کے ساتھ عوام کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف انداز میں آگے بڑھیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عوام پر کم سے کم بوجھ منتقل کرنا وزیراعظم کا مشن ہے۔ دنیا بھر کی طرح خطے کی صورتحال سے پاکستانی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی، جس میں موٹرسائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ افراد فیول سبسڈی اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جب کہ اسکیم کے تحت 27 ارب روپے کا ریلیف دیا جاچکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم کے لیے متعلقہ محکموں نے مل کر اقدامات کیے، جب کہ حکمت عملی کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ روکا گیا۔








