برطانوی وزیراعظم نے ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی قیادت چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ لیبر پارٹی نئے سربراہ کے انتخاب کا عمل شروع کرسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے جانشین کو مکمل تعاون فراہم کریں گے اور قیادت کی منتقلی کے مرحلے کو ذمہ داری کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔
کیئر اسٹارمر نے کہا کہ وہ اس وقت تک وزیراعظم کی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے جب تک پارٹی کا نیا لیڈر منتخب نہیں ہوجاتا، قیادت کا انتخاب ایک منظم جمہوری عمل کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ حکومت کے معاملات متاثر نہ ہوں۔
کیئر اسٹارمر نے اپنے خطاب میں اپنے دور حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح ہمیشہ برطانیہ کے مفاد میں کام کرنا رہی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ کئی ہفتوں سے لیبر پارٹی کے اندر کیئر اسٹارمر کی قیادت پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے اور پارٹی کے بعض ارکان کی جانب سے ان پر دباؤ بڑھ رہا تھا کہ وہ مستقبل کے حوالے سے واضح فیصلہ کریں۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ سیاسی سرگرمیوں اور ضمنی انتخابات کے نتائج نے بھی لیبر پارٹی کے اندر قیادت کی بحث کو مزید تیز کردیا، جبکہ اینڈی برنہم کی کامیابی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت کے بعد انہیں اسٹارمر کے ممکنہ متبادل کے طور پر دیکھا جانے لگا۔
اینڈی برنہم، جو اس وقت گریٹر مانچسٹر کے میئر ہیں، برطانوی سیاست میں ایک تجربہ کار رہنما سمجھے جاتے ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اگر پارٹی کے اندر ان کے نام پر اتفاق رائے قائم ہوجاتا ہے تو قیادت کی تبدیلی کا عمل نسبتاً آسانی سے مکمل ہوسکتا ہے۔
کیئر اسٹارمر جولائی 2024 میں بھاری اکثریت کے ساتھ برطانیہ کے وزیراعظم منتخب ہوئے تھے، جب لیبر پارٹی نے عام انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم حکومت سنبھالنے کے بعد انہیں معاشی مسائل، عوامی توقعات، مہنگائی اور پارٹی کے اندرونی اختلافات جیسے چیلنجز کا سامنا رہا۔
یاد رہے کہ اسٹارمر کی رخصتی برطانیہ کی حالیہ سیاسی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ لیبر پارٹی کو اب نہ صرف نیا قائد منتخب کرنا ہوگا بلکہ آئندہ انتخابات اور حکومتی پالیسیوں کے لیے نئی حکمت عملی بھی تشکیل دینا ہوگی۔
مزید پڑھیں: وقت آگیا ہے سعودی عرب ابراہم معاہدے میں شامل ہوجائے: امریکی سینیٹر
برطانوی میڈیا کے مطابق لیبر پارٹی کی قیادت کے انتخاب کا عمل آنے والے دنوں میں شروع کیا جائے گا، جس میں پارٹی کے ارکان نئے سربراہ کے انتخاب میں حصہ لیں گے۔ نئے لیڈر کے سامنے سب سے بڑا چیلنج عوامی اعتماد بحال کرنا اور پارٹی کو دوبارہ مضبوط سیاسی پوزیشن میں لانا ہوگا۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس پیش رفت پر ردعمل دیتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جبکہ سیاسی ماہرین کے مطابق برطانیہ میں آنے والے دنوں میں قیادت کی تبدیلی اور نئی سیاسی صف بندی اہم موضوعات رہیں گے۔
اب نظریں لیبر پارٹی کے آئندہ فیصلے پر ہیں کہ پارٹی کی قیادت کون سنبھالتا ہے اور کیا اینڈی برنہم واقعی برطانیہ کے اگلے وزیراعظم بننے کی دوڑ میں کامیاب ہوتے ہیں یا کوئی اور امیدوار سامنے آتا ہے







