سنیچر کے روز آئرلینڈ کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور حوثیوں کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ ان کے بقول حوثیوں نے امریکا سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ اس سے لڑنا نہیں چاہتے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حوثی نہیں چاہتے کہ امریکا ان پر حملہ کرے۔ امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ خطے میں معاملات اچھے اور شاندار انداز میں آگے بڑھیں گے۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی بات ہوئی ہے، جنہیں انہوں نے اپنا دوست قرار دیا۔
اس سے قبل ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ سعودی عرب نے حوثیوں کے خلاف کارروائیوں میں امریکا سے مدد طلب کی ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دو مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور حوثیوں کے خلاف حملے کرنے کی درخواست کی۔
ایگزیوس کے مطابق صدر ٹرمپ نے سعودی ولی عہد کی درخواست مسترد کردی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال امریکی انتظامیہ حوثیوں کے خلاف براہِ راست فوجی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتی۔







