اسرائیلی فوج کے مطابق بدھ کے روز جنوبی لبنان میں کارروائی کے دوران دھماکا خیز ڈیوائس پھٹنے سے دو فوجی ہلاک جبکہ چار دیگر زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں حملے حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے ردعمل میں کیے گئے۔
دوسری جانب لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق جنوبی قصبے طیبنین پر اسرائیلی حملے میں ایک شہری جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوئے۔
تشدد میں یہ تازہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اٹلی کے دارالحکومت روم میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا نیا دور جاری ہے۔
دونوں ممالک نے جون میں امریکا کی ثالثی میں ایک سیکیورٹی انتظام پر اتفاق کیا تھا، جس کا مقصد سرحدی کشیدگی اور دشمنی میں کمی لانا تھا۔
تاہم اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ وہ جنوبی لبنان میں سیکیورٹی زون برقرار رکھے گا تاکہ ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے ممکنہ خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔







