اماراتی مرکزی بینک کے مطابق یہ اقدام متحدہ عرب امارات میں نافذ قوانین، ضوابط اور نگران ادارے کے فیصلوں کی خلاف ورزیوں کے بعد کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے کہا کہ بینک ملی ایران کی امارات میں موجود تمام شاخیں ایران سے یا ایران کو کسی بھی قسم کا مالی لین دین نہیں کرسکیں گی، جب کہ پابندی میں تجارتی مالی معاونت اور رقوم کی منتقلی بھی شامل ہے۔
اماراتی مرکزی بینک کے مطابق یہ فیصلہ بینک کی سرگرمیوں سے متعلق کیے گئے معائنے کے نتائج اور مرکزی بینک کے گورنر کو حاصل قانونی اختیارات کے تحت کیا گیا ہے۔
مرکزی بینک نے بتایا کہ خلاف ورزیوں میں منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور حساس سرگرمیوں کے پھیلاؤ کی مالی معاونت سے متعلق قوانین اور تقاضوں پر عمل درآمد نہ کرنا شامل ہے۔
اماراتی مرکزی بینک نے واضح کیا کہ پابندی کے بعد متحدہ عرب امارات میں موجود بینک ملی ایران کی تمام شاخیں ایران سے متعلق مالی سرگرمیاں انجام نہیں دے سکیں گی۔
پابندی میں ایران سے اور ایران کو رقوم کی منتقلی کے ساتھ ساتھ ٹریڈ فنانس بھی شامل ہے۔
رائٹرز کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران کے ساتھ مالی روابط پر نگرانی اور دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ ماہ ایران کے ساتھ تجارت، تجارتی تبادلے اور مالی لین دین کو بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
رائٹرز کے مطابق اگست میں امریکی حکام نے بھی بینک ملی ایران سے منسلک ایک شخص پر پابندیاں عائد کی تھیں، جب کہ ایران سے متعلق مالی روابط پر دیگر ممالک میں بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔
اماراتی مرکزی بینک نے کہا ہے کہ وہ ملک کے مالیاتی نظام کی سلامتی اور سالمیت برقرار رکھنے کے لیے نگرانی کا عمل مزید مضبوط کرے گا۔
مرکزی بینک کے مطابق مالیاتی اداروں سے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت اور دیگر غیر قانونی مالی سرگرمیوں کے خلاف ملکی قوانین اور بین الاقوامی معیار کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔







