فلم کی کہانی 2020 میں لداخ کی وادی گلوان میں بھارتی اور چینی افواج کے درمیان ہونے والے فوجی تصادم سے متاثر ہے۔ فلم کی ریلیز میں تاخیر کے حوالے سے سلمان خان نے بتایا کہ ٹیم بصری اثرات (وی ایف ایکس) اور گرافکس کو اعلیٰ معیار پر تیار کرنا چاہتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل وی ایف ایکس کے ماہرین فلم کے ہر فریم کو باریک بینی سے دیکھتے ہیں، اس لیے ٹیم نہیں چاہتی تھی کہ تکنیکی خامیوں کی نشاندہی ہو۔ سلمان خان کے مطابق فلم کو اس انداز میں تیار کیا جا رہا ہے کہ اس کے مناظر ناظرین کو حیران کر دیں۔

اداکار نے مزید بتایا کہ فلم کی ایک اداکارہ کے زخمی ہونے کے باعث بھی شوٹنگ کا شیڈول متاثر ہوا۔ فلم کی ریلیز پہلے جنوری، پھر جون اور اگست کے لیے زیر غور رہی، تاہم اب اسے دسمبر میں پیش کیا جائے گا۔

فلم کا ابتدائی نام ’بیٹل آف گالوان‘ تھا، جسے بعد میں تبدیل کرکے ’ماتربھومی‘ کر دیا گیا۔ انڈین میڈیا کے مطابق سلمان خان فلم میں 16 بہار ریجمنٹ کے کرنل بکوملا سنتوش بابو کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو چینی فوج کے ساتھ تصادم میں ہلاک ہوئے تھے۔

سلمان خان نے گزشتہ برس اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر فلم کا ٹیزر جاری کیا تھا۔ اس پر چین کے سرکاری اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ نے اعتراض کرتے ہوئے اسے واقعات کی مسخ شدہ سنیماٹک عکاسی قرار دیا تھا۔