سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم لیڈر کے حکم کی تعمیل میں ہم آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کی حکمت عملی برقرار رکھتے ہوئے جارح دشمن کو سخت ترین ضربیں پہنچائیں گے۔

ایرانی حکام اس سے قبل بھی خبردار کر چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور اس اہم سمندری گزرگاہ کو بند کیا جا سکتا ہے، جس سے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اس سے قبل ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے پیغام میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی اور اگر امریکی اڈے بند نہ کیے گئے تو حملے جاری رہیں گے۔

دوسری جانب ایرانی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے بجلی کے نیٹ ورک کو نقصان پہنچایا گیا تو آدھے گھنٹے کے اندر پورا خطہ تاریکی میں ڈوب جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ اندھیرا خطے میں بھاگتے ہوئے امریکی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کے جواب میں دیا، جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایک گھنٹے کے اندر ایران کے بجلی کے نظام کو ختم کر سکتے ہیں۔

علی لاریجانی نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ ٹرمپ کہتے ہیں کہ وہ جلد فتح دیکھ رہے ہیں۔ جنگ شروع کرنا آسان ہے، لیکن اسے چند ٹویٹس کے ذریعے نہیں جیتا جا سکتا۔ جب تک آپ اپنی سنگین غلطی پر پچھتائیں گے نہیں، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔