روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ کیوبا روس کا قریبی اتحادی ہے اور اسے تنہا چھوڑنا ممکن نہیں۔ انہوں نے امریکی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا کہ امریکا کیوبا پر عائد بلاکڈ ختم کرے۔
واضح رہے کہ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روسی آئل ٹینکر اناتولی کولوڈکن تقریباً 7 لاکھ 30 ہزار بیرل خام تیل لے کر کیوبا کے اہم بندرگاہ میٹانزاس بے پہنچا، جو تین ماہ میں پہلی بڑی سپلائی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ کھیپ اس وقت پہنچی جب کیوبا شدید توانائی بحران کا شکار ہے، جہاں ایندھن کی کمی کے باعث ملک بھر میں بجلی کی طویل بندشیں ہو رہی ہیں اور صحت، ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے شدید متاثر ہیں۔
🚨🇷🇺🇨🇺 BREAKING: The Russian tanker Anatoly Kolodkin has arrived in Cuba carrying a full shipment of crude oil. pic.twitter.com/vWHjiSiDEg
— Defence Journal (@Defence_Journl) April 1, 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے جاری پابندیوں کے باوجود اس ٹینکر کو انسانی بنیادوں پر داخلے کی اجازت دی، تاہم واشنگٹن نے واضح کیا ہے کہ مجموعی پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی۔
کیوبا کی حکومت نے اس امداد کو ریلیف قرار دیتے ہوئے روس کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تیل وقتی طور پر بحران میں کمی لا سکتا ہے، مگر طویل المدتی حل کے لیے مزید سپلائیز درکار ہوں گی۔
یاد رہے کہ کیوبا اپنی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ درآمدات سے پورا کرتا ہے اور حالیہ جیوپولیٹیکل کشیدگی کے باعث سپلائی میں رکاوٹ نے ملک کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔







