ترجمان سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق کچھ کھلاڑیوں نے اسلام آباد میں حالیہ خودکش حملے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث وطن واپس جانے کی خواہش ظاہر کی تھی، جس کے بعد فوری طور پر ٹیم مینجمنٹ اور بورڈ حکام کے درمیان بات چیت ہوئی۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کہا کہ تمام کھلاڑی، معاون عملہ اور ٹیم مینجمنٹ دورہ جاری رکھیں گے۔ اگر کوئی کھلاڑی واپسی کا فیصلہ کرتا ہے تو اس کے متبادل کو پاکستان بھیجا جائے گا تاکہ سیریز کا شیڈول متاثر نہ ہو۔
ترجمان کے مطابق، اگر کسی کھلاڑی نے بورڈ کی ہدایت کے باوجود وطن واپس آنے پر اصرار کیا تو متبادل کھلاڑی روانہ کر دیا جائے گا، جبکہ بغیر اجازت وطن واپس آنے والے کھلاڑی یا عملے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹیم اور عملے کی حفاظت سری لنکن کرکٹ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ اس عمل سے ہر رکن کی سلامتی اور بہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن بورڈ نے اعلان کیا کہ ٹیم پاکستان میں اپنی سیریز شیڈیول کے مطابق مکمل کرے گی۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےسوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے بقیہ ون ڈے میچز 14 اور 16 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کے پاکستان ٹور جاری رکھنے کے فیصلے پر شکر گزار ہیں۔سیریز کے اگلے دونوں میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کے 2 ون ڈے 13 اور 15 نومبر کو ہونے تھے۔
پاکستان کو تین میچز پر مشتمل سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔
قبل ازیں، پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل (ر) فریڈ سینے ویراتنے نے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں سری لنکن ٹیم کو فراہم کردہ سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس پر ہائی کمشنر نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
سری لنکن ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کے سیکیورٹی انتظامات پر اعتماد ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ہمارے اسٹیٹ گیسٹ ہیں، ان کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔ مہمان کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس اعلان کے بعد وفاقی وزیر اطلاوعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آمد پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ۔
My heartfelt gratitude to the Sri Lankan Cricket Team for their visit to Pakistan and for always supporting the game of cricket. Keep up the sportsman spirit. We are honoured by your presence
— Attaullah Tarar (@TararAttaullah) November 12, 2025
🇵🇰🇱🇰#FriendshipNotOut
عطا تارڑ نے کہا کہ کرکٹ کے کھیل کے لیے ہمیشہ حمایت کرنے پر سری لنکن ٹیم کے مشکور ہیں، سری لنکن کرکٹ ٹیم کی موجودگی ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔
اس کے علاوہ وزیر داخلہ خواجہ آصف نے بھی پاکستان آمد اور شاندار کرکٹ کھیل پیش کرنے پر سری لنکن ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ ہماری نیک تمنائیں سری لنکن ٹیم کےساتھ ہیں۔
سوشل میڈیا پر فرینڈشپ ناٹ آؤٹ ہیش ٹیگ کے ساتھ پاکستان میں شائقین کرکٹ نے ٹور جاری رکھنے پر سری لنکن ٹیم سے اظہار تشکر کا سلسلہ شروع کردیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے تھے۔
واقعے کے وقت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بین الاقوامی سطح کے بڑے پروگرام جاری تھے، جن میں انٹرپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس، چھٹا مارگلہ ڈائیلاگ اور پاکستان-سری لنکا ون ڈے میچ شامل تھے۔







