قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق پٹی کے مختلف اسپتالوں کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے غزہ شہر اور خان یونس میں کیے گئے۔
رپورٹس کے مطابق زیتون محلے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد اسرائیلی گولہ باری میں شہید ہو گئے۔
خان یونس کے مغربی علاقے میں یو این آر ڈبلیو اے کی عمارت پر بمباری کے نتیجے میں تین افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
اسی طرح شجاعیہ جنکشن اور صلاح الدین اسٹریٹ کے قریب ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خان یونس میں ہمارے فوجیوں پر مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے جواب میں فضائی کارروائی کی گئی۔
اسرائیلی بیان کے مطابق جنوبی کمانڈ کی قیادت میں غزہ بھر میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر کے مطابق جنگ بندی کے دوران بھی اسرائیل نے 393 حملے کیے، جن میں اب تک 280 فلسطینی شہید اور 672 زخمی ہو چکے ہیں۔
یاد رہے کہ اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں اب تک 69 ہزار 513 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 70 ہزار 745 زخمی ہو چکے ہیں۔






