رونالڈو اپنی ہونے والی اہلیہ جارجینا روڈریگوِز کے ہمراہ اس عشائیے میں شریک ہوئے، جس کی تصاویر انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کیں۔ فٹبال اسٹار نے کیپشن میں ٹرمپ اور خاتونِ اول کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا۔

جناب صدر، دعوت دینے اور آپ اور خاتونِ اول کے مجھے اور میری ہونے والی بیوی جارجینا کے گرمجوش استقبال کے لیے شکریہ۔ ہم سب کے پاس دینے کے لیے کچھ نہ کچھ معنی خیز ہوتا ہے اور میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں، تاکہ نئی نسلوں کو حوصلہ، ذمہ داری اور دیرپا امن سے متعین مستقبل کی تعمیر کی ترغیب دی جا سکے۔

رونالڈو کا یہ پیغام صرف ایک اظہارِ تشکر نہیں بلکہ امن، ذمہ داری اور نوجوان نسل کی مثبت تربیت کے لیے ایک عالمی اپیل بھی سمجھا جا رہا ہے۔ اپنی عالمی مقبولیت اور اثر و رسوخ کے باعث رونالڈو کا یہ بیان دنیا بھر کے نوجوانوں تک پہنچ رہا ہے۔

واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اس وقت سعودی پرو لیگ کے کلب النصر کے کپتان ہیں، جب کہ انہوں نے حال ہی میں اپنا معاہدہ 2027 تک توسیع دیا ہے۔ وہ سالانہ تقریباً 200 ملین ڈالرز کماتے ہیں، جو انہیں دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ پانے والے کھلاڑیوں میں شامل کرتا ہے۔