حملہ آوروں نے دفتر میں داخل ہو کر اندھادھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سات افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے اور ایک شخص زخمی ہوا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ کے وقت امن کمیٹی کے ارکان دفتر میں موجود تھے۔ زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملہ میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے حملے ملک میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی ناپاک کوششوں کو بے نقاب کرتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسی کارروائیاں کسی قیمت پاکستانیوں کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتیں اور پوری قوم ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہے۔







